بنگلورو:31/جولائی(ایس او نیوز) ریاستی جنتادل (ایس) نے آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دینے کے عمل کو ٹال دیاہے۔ حالانکہ سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے رواں ماہ پارٹی امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا تھا ، لیکن بعض حلقوں میں آنے والے دنوں میں بدلنے والے سیاسی حالات کے انتظار میں پارٹی نے امیدواروں کی فہرست کو مزید کچھ دنوں کیلئے ٹال دیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ کمار سوامی کی طرف سے امیدواروں کی ایک عبوری فہرست تیار کرکے اسے پارٹی صدر دیوے گوڈا کو پیش کردیا گیا تھا، تاہم آنے والے دنوں میں ریاست میں ہونے والی نئی سیاسی صف بندیوں سے جنتادل (ایس) کوفائدہ کی امید میں فہرست کی ترتیب کو موخر کردیا گیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ کمار سوامی نے دیوے گوڈا کو جو فہرست دی ہے اس میں سے امیدواروں کی صلاحیتوں کی بنیاد پر بعض نام ہٹا دئے گئے ہیں۔ اس کے بعد حال ہی میں ہبلی میں کمار سوامی نے اشارہ دیا کہ امیدواروں کی فہرست کا اعلان جلد نہیں کیا جاسکتا۔ حالانکہ بعض حلقوں میں پارٹی سے وابستہ لیڈران ابھی سے اپنے آپ کو امیدوار قرار دیکر ووٹروں سے رابطہ قائم کرنے اور انتخابی مہم کو اپنے طریقے سے آگے بڑھانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن پارٹی ذرائع نے واضح کیا کہ اگلے دو تین ماہ میں پارٹی کی طرف سے امیدواروں کی فہرست جاری کئے جانے کا امکان بہت کم ہے۔ کمار سوامی نے اعلان کیا تھاکہ انتخابات سے چھ ماہ قبل جنتادل (ایس) 150 اسمبلی حلقوں کیلئے امید واروں کا اعلان کردے گی۔ تاہم اب جس طرح کی تاخیر کی جارہی ہے اس سے ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔